loading
{سیاسی افکار}

حاکم کے اعتبار سے حکومت کی اقسام

تحریر :عون نقوی
02/11/2023

حکومت کے لغوی معنی فرمان جاری کرنے یا حکمرانی کرنے کے ہیں۔ اور اصطلاح میں حکومت سے مراد عمومی طور پر ملکی سیاست کا ڈھانچہ ہوتا ہے۔ مفکرین سیاسی حکومت کو مختلف جہات سے تقسیم کرتے ہیں۔ ایک تقسیم بر اساس تعداد حاکم ہے۔ اس تقسیم کو سمجھنا سیاسی تجزیہ تحلیل کرنے اور ملک کے سیاسی حالات سمجھنے میں بہت مفید ہے۔ بنیادی طور پر اس تقسیم میں تین صورتیں بنتی ہیں جو اختصار کے ساتھ پیش کی جا رہی ہیں۔

حکومت فردی

اس طرز حکومت میں ایک شخص حاکم ہوتا ہے۔ حکومت فردی کی دو قسمیں ہیں:
۱۔مونارشی:  اس سے مراد ایک ایسے شخص کی حکومت ہے جو صرف اپنی منفعت کا نہیں سوچتا بلکہ بقول افلاطون اس طرز حکومت میں شخصِ حاکم پیرو قانون ہوتا ہے اور اس کے مدنظر منفعت عمومی ہوتی ہے۔[1] سائٹ البر۔
۲۔تیرانی: اس سے مراد ایک ایسے شخص واحد کی حکمرانی ہے جو ذاتی منفعت پر حکمرانی کرتا ہے۔ حکومت کو چلانے کے لیے خود قانون بناتا ہے۔ یہ طرز حکومت عمومی طور پر موروثی ہوتی ہے۔

حکومت گروہی

بادشاہت کے بعد تاریخ بشریت میں سب سے زیادہ یہ طرز حکومت رائج رہا ہے۔ حتی بادشاہی نظام میں بھی ممکن ہے ظاہر میں ایک شخص حاکم ہو لیکن پیچھے ایک چھوٹا سا طاقتور گروہ ہوتا ہے جو بادشاہت کو چلا رہا ہوتا ہے اور اصل قدرت اس کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔ اس طرز حکومت کو اقلیت کی حکومت بھی کہہ سکتے ہیں۔ یہ گروہ اپنی فکری یا طبقاتی برتری کا قائل ہوتا ہے۔ اس حکومت کی تین صورتیں متصور ہیں:
۱۔ارستوکریسی: اس طرز حکومت میں ایک قلیل گروہ ملکی سیاست کی مدیریت کرتا ہے۔ یہ قلیل گروہ اشرافی طبقے سے تعلق رکھتا ہے۔ افلاطون اور ارسطو کی انواع حکومت کی طبقہ بندی میں اس طرز حکومت کا ذکر ہے۔ ارسطو اس طرز حکومت کے بارے میں فرماتے ہیں: یہ ایک ایسی حکومت ہے جس میں ایک قلیل گروہ مشترک طور پر حاکم ہے اور وہ منفعت عمومی کے لیے کوشاں ہے۔[2] سائٹ البر۔
۲۔الیگارشی:یہ طرز حکومت ارستوکریسی کی فاسد شکل ہے۔ حکومت قلیل گروہ کے ہاتھ میں ہوتی ہے اور ان کا مبناء سیاست ثروت ہوتا ہے۔ مغربی ڈیموکریسی پر نقد کرنے والے مفکرین از جملہ جوزف شومپیٹر کا اعتراض یہ ہے کہ یہ ڈیموکریسی کے نام پر الیگارشک سسٹم ہےجس میں سرمایہ دار گروہ عوام کا خون چوس رہے ہیں۔
۳۔حاکمیت نخبگان:علوم سیاسی کے معاصرین گروہی حکومت میں ایک طرز حکومت کا اضافہ کرتے ہیں جس کو حکومت نخبگان کہتے ہیں۔ (Elite Theory) نظریہ نخبگان کے مطابق ہر معاشرے میں فکری، سیاسی، دفاعی، اقتصادی اور ثقافتی طور پر اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر چند شخصیات ابھر آتی ہیں جو سیاسی مقتدرین کے قریب ہوتی ہیں اور ملکی سیاست میں اپنی جگہ بناتی ہیں۔ 
واضح رہے کہ اکثر ممالک جن میں ڈیموکریسی موجود ہے ان ممالک کے سیاسی مفکرین کے مطابق حقیقت میں پشت پردہ یا الیگارشک سسٹم حاکم ہے یا یہی حاکمیت نخبگان۔ یہ نخبگان الیگارشک طبقات کے ہاتھوں استعمال ہوتے ہیں، اپنا قلیل نفع حاصل کر کے عوام کو بیچارہ کرتے ہیں۔ 

حکومت جمہوری

ظاہری طور پر اس نظام میں حکومت عوام کے ووٹ سے منتخب ہوتی ہے۔ حکومت محدود مدت کے لیے انتخاب ہوتی ہے، عوامی ووٹ سے منتخب ہونے والی حکومت کی مدت ختم ہوتی ہے تو وہ ذمہ دارہوتی ہے کہ دوبارہ ووٹنگ کرواۓ اور حکومتی مناصب اگلی منتخب عوامی حکومت کے حوالے کرے۔ اس طرز حکومت کی دو شکلیں مشہور ہیں:
۱۔ریاستی جمہوری: اس طرز حکومت میں صدر مملکت مستقیم طور پر عوام کے ووٹ سے منتخب ہوتا ہے۔ عوامی ووٹ سے منتخب شدہ صدر اپنی کابینہ بناتا ہے اور مختلف وزارتوں پر افراد کو منصوب کرتا ہے۔ ریاستی جمہوری سسٹم میں صدر مملکت کو قوہ مقننہ پر مافوق قرار نہیں دیا جاتا بلکہ اگر صدر مملکت ملکی آئین کی خلاف ورزی کرتا ہے تو قوہ قانونگذار اس کو محاکمہ کر سکتی ہے۔
۲۔پارلیمانی جمہوری: اس طرز حکومت میں صدر مملکت عوام کے مستقیم طور پر ووٹ سے منتخب نہیں ہوتااورا س کا عہدہ تشریفاتی ہوتا ہے ۔ عوام پارلیمنٹ کے ارکان کو ووٹ دے کر چنتی ہے۔ جس سیاسی حزب کے نمائندے زیادہ منتخب ہوتے ہیں وہ حزب اپنا نمائندہ پیش کرتی ہے جو حکومت کا سربراہ قرار پاتا ہے۔ پارلیمانی جمہوری کا ریاستی جمہوری سے بنیادی فرق یہی ہے کہ اس طرز حکومت میں حکومت کا سربراہ مستقیم عوام کے ووٹ سے نہیں بنتا بلکہ عوامی نمائندوں کے انتخاب سے بنتا ہے۔ حکومتی وزراء مجلس مقننہ کے عضو ہوتے ہیں۔[3] شجاعی، ہادی، مبانی علم سیاست، ص۵۳الی۵۵۔
وطن عزیز پاکستان میں ظاہری طور پر پارلیمانی جمہوری نظام حاکم ہے۔

منابع:

منابع:
1 سائٹ البر۔
2 سائٹ البر۔
3 شجاعی، ہادی، مبانی علم سیاست، ص۵۳الی۵۵۔
Views: 23

پڑھنا جاری رکھیں

گذشتہ مقالہ: ارسطو کی نظر میں انواع حکومت
اگلا مقالہ: بعثت کے متعلق رہبر معظم کے ۲۰فرمودات