loading

قرآنى آيات كا سمجھنا

گذشتہ درس ميں بيان كيا گيا تھا كہ صرف الفاظ معانى پڑھ لينا كافى نہيں ہے بلكہ ضرورى ہے كہ الفاظ كے لغوى معانى كے ساتھ ساتھ ان معنى تك رسائى حاصل كرنے كى كوشش كى جائے جو معنى بولنے والے نے بيان كيا ہے ۔ كيونكہ بسا اوقات ايسا ہوتا ہے كہ لفظ كا لغوى معنى مراد نہيں ہوتا بلكہ لفظ بول كر ايسا معنى مراد ليا جاتا ہے جس كا اصل معنى سے گہرا تعلق ہے ۔

آسان زبان ميں اس طرح بيان كر سكتے ہيں كہ ’’ الفاظ كے لغوى معنى ‘‘ ميں اور ’’ الفاظ كے وہ معانى جو بولنے والے نے پہنچانے چاہيں ہيں ‘‘ دونوں ميں فرق ہے ۔ يہ دونوں كبھى ايك ہو جاتے ہيں اور كبھى مختلف. مثلا: آپ جنگل ميں پك نك منانے گئے ہوئے ہيں اتنے ميں ايك زور سے چيختا ہے كہ شير آ گيا ، اس جملہ ميں لفظِ ’’شير‘‘ سے مراد وحشى جانور ہے اور لفظِ شير كا يہى لغوى معنى ہے ۔

ايك مرتبہ آپ گھر بيٹھے ہوئے ہيں كہ ايك ايسا شخص كمرے ميں داخل ہوتا ہے جس نے دشمن كا انتہائى شجاعت سے مقابلہ كيا ، كوئى كہتا ہے كہ شير آ گيا ، اس جملہ ميں بولنے والے نے اگرچے لفظِ ’’ شير ‘‘ بولا ہے ليكن ان سے اس لفظ كا لغوى معنى مراد نہيں ليا بلكہ شير بولا كر وہ بہادر شخص مراد ليا ہے ۔

پس ہميں پورى توجہ اس طرف مبذول ركھنى چاہيے كہ بولنے والے نے الفاظ بول كر كونسے معنى مراد لينا چاہيں ہيں۔ كيونكہ متكلم ( بولنے والا) كبھى لفظ كو اس كے لغوى معنى ميں استعمال كرتا ہے اور كبھى كسى ايسے معنى ميں استعمال كرتا ہے جس كا ايك نوعِ تعلق ’’لغوى معنى ‘‘ كے ساتھ ہے ۔

قرآن كريم ميں بھى ہميں يہى چيز نظر آتى ہے كہ بہت سى جگہوں پر قرآن كريم نے لفظ كہہ كر لغوى معنى مراد ليا ہے، اور بہت سارى جگہوں ميں لفظ كے ذريعے لغوى معنى مراد نہيں ليا بلكہ ايك الگ معنى بيان كيا ہے ، جيسے لفظِ صَوْم، اس كا لغوى معنى روكنا كے ہيں ليكن يہ روزے كے معنى ميں استعمال ہوا ہے ، اسى طرح الصلاة ہے جس كا لغوى معنى دعا يا درود كے ہيں ليكن بعض آيات ميں اس كے لغوى معنى مراد ليے گئے ہيں اور بعض آيات ميں لفظِ صلاة سے مراد نماز ہے ۔ ان دونوں كو جمع كرتے ہوئے علماء يہ اصطلاح استعمال كرتے ہيں كہ ’’ مرادِ متكلم‘‘ كو حاصل كرنا چاہيے ۔

مرادِ متكلم : يہ ايك علمى اصطلاح ہے جس كا مطلب يہ ہے كہ كسى بھى لفظ كا معنى لينے كے ليے قاعدہ يہ ہے كہ ديكھو بولنے والے نے لفظ كہہ كر كونسا معنى مراد ليا ہے ، بعض اوقات متكلم نے لفظ كہہ كر لغوى معنى مراد ليا ہوتا ہے اور بعض اوقات غير لغوى معنى ۔

_

بدون نظر

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *